اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کے یوم ولادت باسعادت کے موقعہ پر جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام بارگاہ بڈگام اور باب العلم بڈگام میں جشنِ مولود کعبہؑ کا انعقاد کیا گیا۔سوموار کی شام کو باب العلم بڈگام سے جلوس مولود کعبہ زیر نظارت حجة الاسلام آغا سید محمد عقیل الموسوی الصفوی برآمد کیا گیا جو مین چوک بڈگام میں اختتام پذیر ہوا۔مرکزی امام باڑہ حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم کے طلاب، معلمین اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب سے مقتدر عالم دین حجة الاسلام سید حسین موسوی صاحب اورحجة الاسلام سید یوسف موسوی نے خطاب کیا، اور امیر المومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کے سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ حجة الاسلام سید یوسف موسوی نے مولائے کائنات حضرت علی المرتضیٰ ؑ کے فضائل اور مناقب پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام(ص) کے معبوث ہونے کے وقت ظلم اور ظلمت نے نوع بشریت کا قافیہ حیات تنگ کر رکھا تھا۔ دنیا کے ہر معاشرے اور ہر قوم پر کوئی نہ کوئی طاغوتی قوت مسلط تھی۔ اللہ تعالیٰ نے عالم بشریت کی نجات کیلئے پیغمبر اسلام (ص) کو ایک جامع راہ عمل قرآن کریم کے ساتھ معبوث کیا اور علی المرتضیٰؑ کی ذات گرامی نبی(ص) کے انسانیت ساز اور حریت نواز نصب العین کے نفاذ کیلئے میدان عمل میں کود پڑے اور اس راہ میں گرانقدر قربانیاں پیش کیں۔ حجة الاسلام سید محمد حسین موسوی نے موقعہ کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے مولا علیؑ کے اُن کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی جو علی ؑ نے رسول اکرم (ص) کی اطاعت و فرمانبرداری کی عمل آوری اور اسلام کی تشہیر و ترویج کی راہ میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے علمی اور عسکری محاذ پر انجام دیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲